مزید خبریں

وفاقی بجٹ نے عوام کو مایوس کیا ہے،شمس الرحمن سواتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی بجٹ نے قوم کو مایوس کیا ہے ۔بجٹ امیروں کا ہے غریبوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے ۔جب تک ملک میں سودی معیشت اور آئی ایم ایف کا نظام رہے گا غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے قومی بجٹ 2022-23ء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی ۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ آئی ایم ایف اور سودی معیشت نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے اور ہمارا نظام معیشت برباد ہوگئی ہے ۔ہمارے سارے وسائل قرضوں کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتے ہیں اور ادھار اور قرضوں پر ملک کو چلایا جا رہا ہے ۔ڈالر کی اڑان مستقل اونچی ہے اور روپے کی قدر مستقل گر رہی ہے۔اسٹاک مارکیٹ بیٹھ گئی ہے اور سرمایہ کاروں کا دیوالیہ نکل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر ڈالنے کا واحد راستہ ہے کہ ہم سودی معیشت اور سودی نظام سے نجات حاصل کریںاور سرمایہ دارانہ نظام کے بجائے اسلام کا عادلانہ نظام ملک میں عملی طور پر نافذ ہوجائے توملک میں کوئی بھوکا نہیں رہے گا اور پاکستان جلد ایشین ٹائیگر بھی بن جائے گا۔