مزید خبریں

وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کاتنازع عدالت پہنچ گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انکریمینٹل کنزمپشن پیکج کے لیے سبسڈی دینے کا معاملہ،وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کا تنازع عدالت پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق مختلف صنعتوں نے پیکج کے اطلاق کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا جس پر عدالت نے وفاقی حکومت، نیپرا سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے فریقین کو تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی درخواست گزار کاکہناہے کہ عمران خان کے دور میں زیادہ بجلی استعمال کرنیوالی صنعتوں کے لیے پیکج دیا گیا تھا، پیکج کے مطابق گزشتہ سال سے زیادہ بجلی استعمال کرنیوالی فیکٹری کو وفاق سبسڈی دیتا تھا، موجودہ حکومت نے سبسڈی دینے سے انکار کردیاہے، وفاقی حکومت کہتی ہے صنعتوں کو دی جانے والی سبسڈی کے الیکٹرک ادا کرے،کراچی کے علاوہ پورے ملک کی صنعتیں اس پیکج سے اب بھی استفادہ کررہی ہیں،کراچی کی صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، جو غیر آئینی اقدام ہے،سبسڈی دینا وفاق کی پالیسی کا حصہ تھا،وہی سبسڈی دے۔