مزید خبریں

آج کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی ہوئی تو احتجاج کرینگے‘سعد رضوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی ہوئی تو احتجاج کریں گے، اپنے حق پر کسی کو ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے،ٹی ایل پی ایک مذہبی سیاسی جماعت ہے، جمہوری اور پارلیمانی نظام میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی ایل پی والی مشکلات کا10 فیصد سامنا تحریک انصاف کرے تو اس کا وجود ہی ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ہمارا ایمان ہے، ختم نبوت پر متفق تمام جماعتوں سے اتحاد کریں گے، بھارت میں توہین رسالت پر ملک بھر میں احتجاج کیا ہے، فرانس کا سفیر احتجاج پر پاکستان چھوڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی کے لیے حاضر ہیں، آئین کی مضبوطی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کی سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، ہر ادارے کو آئینی حدود میں کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور سودی قرضوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہو رہی ہے، جب تک سودی نظام اور اشرافیہ کے خرچے ختم نہیں ہوں گے، ملکی معاشی مسائل ختم نہیں ہوسکتے ۔