مزید خبریں

این اے 240 الیکشن: انتخابی مہم ختم، پولنگ کل ہوگی

کراچی(نمائندہ جسارت)این اے 240 کورنگی کراچی۔

II میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلیے امیدواروں کی انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئی، ووٹنگ کل صبح 8 بجے
سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، الیکشن کمیشن پاکستان نے الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 193 کے تحت ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر کو مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات تفویض کردیے ہیں جو کہ سرکاری نتائج کے اعلان تک برقرار رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انوار چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، الیکشن کے انعقاد کو پرامن اور منصفانہ بنانے کیلیے ہر قسم کے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں اور ضمنی انتخاب میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضمنی انتخاب میں حق رائے دہندگان کی کل تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے، 309 پولنگ اسٹیشنز اور 1236 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جارہے ہیں، پولیس اہلکاروں کی تعیناتی تمام پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ہوگی جبکہ رینجرز حلقہ میں کوئیک رسپانس فورس کے تحت موجود رہے گی۔