مزید خبریں

ماہربینکاراحمد شجاع قدوائی کی حسین محنتی سے ملاقات

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ ملک میں اسلامی بینکاری اور اسلامی نظام کے قیام کے ذریعے ہی مہنگائی،بیروزگاری اورسودی نظام معیشت سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے سودکے خاتمے اوراسلامی بینکاری کے قیام کے فیصلے پر الفاظ اورروح کے مطابق عمل درآمد کے لیے حکومت فوری وعملی اقدامات کرے۔جماعت اسلامی نہ صرف بینکاری بلکہ پوری ملک کے نظام کو تبدیل کرکے اسلامی بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں ماہربینکاری اورالبرکہ بینک کے سابق سی اواو احمد شجاع قدوائی سے ملاقات کے دوران کیا۔سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو،مولانا حسان کلیم اورمجاہدچنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ماہر اسلامی بینکاری اورالبرکہ بینک کے سابق سی اواواحمد شجاع قدوائی نے سودی بینکاری کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو خوش آئند اور جماعت اسلامی کی سودکے خلاف جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہاکہ تمام دینی جماعتوں علمائے کرام اوراسلامی معیشت کے ماہرین پر فرض ہے کہ فیصلے پرعمل درآمد اوراسلامی بینکاری کے نفاذ کی جدوجہد کو تیزکرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ کسی کو بھی یہ جرائت دوبارہ نہ ہوسکے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکے ۔انہوں زوردیاکہ حکومت فیصلے کوتسلیم عمل درآمد کے لیے روڈ میپ تیا راوروزارت خزانہ میں اسلامی بینکاری کے حوالے سے الگ ڈپٹی فناس سکریٹری کا تقرر کیاجائے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عدالتی فیصلے پرعمل درآمد اوراسلامی بینکاری کے فروغ حوالے سے علمائے کرام تاجروں،بروکرز اورماہرین معیشت سے رابطہ اورجدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔