مزید خبریں

بلاول کی ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات‘ اہم امور پر گفتگو

تہران/ اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) وزیر خارجہ بلاول زرداری کی ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور اپنے ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی اور توانائی میں تعاون بڑھانے سمیت مختلف اہم امور اتفاق کیا گیا، بلاول زرداری نے زور دیا کہ دنیا کو بھارت میں اسلامو فوبیا کی مذمت کرنا ہوگی، اسلام آباد میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات، پاکستان اور ایران نے متعدی بیماریوں کے کنٹرول کیلیے سرحد پار تعاون بڑھانے پر بھر پور اتفاق کیا گیا، صحت کے شعبے میں ایران اور پاکستان کے عوام کے مفاد کیلیے بھر پور کام کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے دورے کے دوران بلاول زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی سرکاری دعوت بھی دی۔بلاول نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلیے پاکستان کی گہری خواہش کا اعادہ کیا اور علاقائی روابط، بارٹر ٹریڈ اور بارڈر سسٹیننس مارکیٹ پلیس کو فعال کرنے اور زائرین کی زیارت کیلیے ایران آنے والے افراد کی سہولت کیلیے باقاعدہ حکمت عملی اور مشترکہ انتظامات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، وزیر خارجہ نے ایرانی جیلوں میں زیر حراست پاکستانی قیدیوں کی رہائی/ منتقلی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سے بھی ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارت میں حالیہ اسلامو فوبیا کے واقعات کی مذمت کرنا ہوگی، ایران پاکستان کا سب سے اہم ہمسایہ ہے، ہم تاریخی تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔