مزید خبریں

آزادی صحافت کی راہ میں حائل کالے قوانین ختم کرینگے‘ وزیراطلاعات

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت ایسے تمام کالے قوانین کو ختم کرے گی جو آزادی صحافت کی راہ میں حائل ہیں۔ ملک میں جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام میں میڈیا کااہم کردار ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) دستور کے انتخابات میں نو منتخب صدر حاجی محمد نواز رضا، سیکرٹری اے ایچ خانزادہ، فنانس سیکرٹری حامد ریاض ڈوگر سمیت دیگر عہدیداروں کو مبارک دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر صحافیوں کے مسائل کے حل میں بھرپور کر دارادا کرے گی۔ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت کا احترام کرتی ہے، آزادی صحافت کو سازگار ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے وزیر اطلاعات نے کہاکہ جمہوریت کے فروغ اور اداورں کے استحکام کیلیے صحافتی تنظیموں کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ حکومت صحافی برادری کو ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پی ایف یو جے کے نو منتخب عہدیدار صحافی برادری کے مسائل کے حل کیلیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ پی ایف یو جے کے انتخابات میں ملک شکیل الرحمن حر سینئر نائب صدر، افسر عمران، میاں سلیم شاہد اور مہتاب اشرف خان نائب صدور، عامر لطیف سینئر اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، عمران مقصود، محمد نسیم شاہ اورمحمد ظاہرخان اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں۔