مزید خبریں

لاہور ہائیکورٹ:بلاول کی نااہلی کیلیے درخواست الیکشن کمیشن کو ارسال

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین، وزیر خارجہ بلاول زرداری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نمٹا دی۔جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستانی نژاد امریکی شہری سید اقتدار حیدر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور بلاول زرداری
کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس وقت 2 پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں، ایک کے سربراہ بلاول زرداری ہیں، دوسری پیپلز پا رٹی پارلیمنٹرین کے نام سے رجسٹرڈ ہے، جس کے سربراہ آصف علی زرداری ہیں۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ بلاول زرداری نے این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ٹکٹ پر لڑا، ان کا اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا الیکشن ایکٹ 2017کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔