مزید خبریں

شاداب خان کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایسا بہت کم مرتبہ ہوا ہے جب کسی کھلاڑی نے ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ساتھ ساتھ سب سے اچھی بولنگ کا مظاہرہ بھی کیا ہو۔ ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور لیگ بریک بولنگ کرانے والے شاداب خان نے پاکستان کی اننگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی اننگ میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کیے۔
اس میچ میں پاکستان نے مقررہ 48 اوور میں 9وکٹ پر 269 رنز بنائے جس میں شاداب خان نے سب سے زیادہ86 رنز بنائے، 107منٹ میں78 بالوں پرچار چوکوں اورتین چھکوں کی مدد سے۔ یہ انکا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ اس سے پہلے ان کا سب سے زیادہ اسکور93 منٹ میں77 بالوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے54 رنز تھا جو انہوں نے ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف19 جنوری 2018 کو بنایا تھا۔ویسٹ انڈیز کی اننگ میں شاداب خان نے اوور میں رن دیکرچار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انکی یہ کارکردگی اس اننگ میں کسی بھی پاکستانی بولر کی سب سے اچھی کارکردگی تھی۔ انہوں نے ابھی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔
ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی تک پاکستان کے 6 آل رائونڈرز نے 9 مرتبہ ایک میچ میں نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ 4 یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔ ایسا کرنے والے پاکستان کے پہلے آل رائونڈر عامر سہیل تھے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف شارجہ میں12 اکتوبر 1995کو ہوئے میچ میں110 گیندوں پر 4چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنانے کے بعد 8 اوور میں 22 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انہوں نے بلے بازی اور بولنگ میں سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اوراپنی ٹیم کو82 رنز سے جیت دلائی ۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور لیگ بریک گگلی بولنگ کرانے والے شاہد آٖفریدی نے ایک میچ میں نصف سنچری اور4 یا اس سے زیادہ وکٹ لینے کا کارنامہ 3 مرتبہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پروڈینس میں14 جولائی2013 کو ہوئے میچ میں77 منٹ میں55 گیندوں پر 6 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے76 رنز بنانے کے بعد 9 اوور میں 12 رن دیکر 7 وکٹ حاصل کئے تھے۔ انکی یہ بولنگ کارکردگی پاکستان کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ اس میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 126 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف شارجہ میں20 نومبر2011 کو اور انگلینڈ کے خلاف لاہور میں27 اکتوبر2000 کو ایسا کیا تھا۔ دونوں میچوں میں پاکستان کو جیت حاصل ہوئی تھی۔عبدلرزاق نے 2 مرتبہ ایسا کیا ہے۔ پہلی مرتبہ انہوں نے ایسا بھارت کے خلاف ہابرٹ میں21 جنوری 2000کو کیا تھا جبکہ آسڑیلیا کے خلاف پرتھ میں 30 جنوری2005 کو وہ دوسری مرتبہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ دونوں میچوںمیں جیت پاکستان نے حاصل کی تھی۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور آف بریک بولنگ کرانے والے شعیب ملک نے ہانگ کانگ کے خلاف کولمبو میں18 جولائی2004 کو ایسا کیا تھا۔ انہوں نے153 منٹ میں 110 گیندوں پر 10 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے118 رن بنانے کے بعد 9.1 اوور میں19 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پاکستان نے یہ میچ ڈکورتھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت 173 رنز سے جیتا تھا۔