مزید خبریں

ماتلی،بچوں کی نگہداشت کیلیے تعمیر کی گئی نرسری نے کام شروع کردیا

ماتلی(نمائندہ جسارت) تعلقہ اسپتال ماتلی میں بچوں کی نگہداشت کے لیے نو تعمیر نرسری نے کام شروع کردیا ہے۔یہ نرسری اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کی کوششوں سے شہر میں آباد مختلف برادریوں کے مخیر افراد کے مالی تعاون سے مکمل کی گئی ہے۔ڈاکٹر گلاب کشمیری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مخیر افراد کے تعاون سے اسپتال میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ہی عمارت میں ڈائیلاسز سینٹر نرسری اور لیبارٹری کی تعمیر کرائی گئی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ نرسری اور لیبارٹری فنکشنل ہو گئی ہیں جبکہ ڈائیلاسز سینٹر کی تعمیر کا کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ نرسری میں ایک وقت میں 7 بچوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔انہوں نے بتایا کہ امریکا اور کینیڈا میں رہائش پذیر پاکستانیوں اور ماتلی کے مخیر اکابرین کے تعاون سے یہ پروجیکٹ مکمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی نزاد امریکی ڈاکٹر مرتضیٰ آرائیں کے تعاون سے تعلقہ اسپتال ماتلی میں تقریباً 5 ہزار افراد کو پینے کے صاف پانی کی سہولت کی فراہمی کے لیے ایک بڑا آر او پلانٹ فراہم کیا گیا تھا جو گزشتہ چند ماہ سے صاف پانی کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔