مزید خبریں

بجلی کے نرخوں میں 4روپے فی یونٹ اضافہ قابل مذمت ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں 4روپے فی یونٹ اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس اضافے سے صارفین پر 40ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اتحادی حکومت نے تحریک انصاف کے ایجنڈے کو ہی جاری رکھا ہو ا ہے۔ موجودہ او ر سابقہ، دونوں حکومتوں میں صرف چہروں کا فرق ہے۔ پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے ظالمانہ معاہدے کو فوری طور پر قومی اسمبلی میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 204روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔ حکمرانوں کی ناکام ترین معاشی پالیسی کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندہ ہے۔ 1134 پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ داروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران بھی آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔ آئی ایم ایف کی مداخلت اور سودی نظام کے خاتمے تک معیشت بہتر اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے ملک کی انڈسٹری پر سنگین قسم کے خطرات منڈلانے لگے ہیں۔ ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداواری لاگت بھارت، بنگلہ دیش اور ویت نام سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ حکومت نے اگر ہنگامی بنیادوں پر عوام اور تاجروں کو ریلیف فراہم نہ کیا تو آئندہ انتخابات ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوں گے۔