مزید خبریں

تاجر دشمن پالیسیاں ملک کو تباہی کی جانب دھکیل رہی ہیں، زاہد اعوان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سبزی وفروٹ منڈی کے معروف تاجررہنما ء،تنظیم الاعوان سندھ کے وائس چیئرمین محمد زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ملک کے تاجر معاشی پالیسیوں سے نالاں ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی حکومت یہ بات سمجھے اور عوام دوست اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے والی پالیسیاں سامنے لائیں۔زاہد اعوان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے قیام سے لے کر اب تک سرمایہ کاروں کی جانب سے کم از کم 7 ارب ڈالر پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے نکالے جاچکے ہیں جس سے تاجر برادری میں بھی منفی رجحان جنم لے رہا ہے، روپے کی قدر میں مسلسل کمی دیکھنے کو مل رہی ہے، امریکی ڈالر کی قیمت روز کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے، جس کے باعث مہنگائی رکنے کانام نہیں لے رہی، تاجر دشمن پالیسیاں ملک کو تباہی کی جانب دھکیل رہی ہیں۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے مطالبات کے آگے گھٹنے ٹیکتی نظر آتی ہے، آئی ایم ایف کے مطالبات کا سارا بوجھ غربت کی چکی میں پسے ہوئے عوام پر ڈالا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری موجودہ معاشی بحران میں حکومت سے کاروبار دوست پالیسیوں کا تقاضا کررہی ہے۔