مزید خبریں

مضبوط اقتصادی تعلقات سب سے اوپر اور مرکز نگاہ ہیں ، امریکی سفیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پی ایس ایکس کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی جانب سے ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی میں امریکی قونصل جنرل مارک اسٹروہ اور ان کی ٹیم بھی امریکی سفیر کے ہمراہ تھی جنہیں پی ایس ایکس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر ایم ڈی اور سی ای او پی ایس ایکس فرخ ایچ خان، پی ایس ایکس بورڈ کے اراکین، ایکسچینج کی سینئر مینجمنٹ اور کاروباری برادری کے سینئر ممبران کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا۔ امریکی سفیر نے امریکی وفد اورپی ایس ایکس کی ٹیم کی موجودگی میں گونگ پر ضرب لگا کر تجارتی دن کا آغاز کیا۔ پاکستان میں امریکی سفیر ایچ ای ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ گونگ تقریب کے سلسلے میں پی ایس ایکس کا دورہ کرنا خوش کن لمحہ ہے جیسا کہ امریکا اور پاکستان شراکت داری کے 75 سال کی یاد منا رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ہمارے مضبوط اقتصادی تعلقات سب سے اوپر اور مرکز نگاہ ہوں، یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس کو نمایاں کیا جانا چاہیے اور یہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑا اور اہم ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ خان کا کہنا تھا کہ میں پی ایس ایکس اور پاکستان کے مالیاتی مرکز کراچی میں امریکی سفیر کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ وہ اپنے پہلے دورہ کراچی کے دوران پی ایس ایکس میں آئے اور ہم یو ایس سفیر اور ان کی ٹیم کے ساتھ ایک نتیجہ خیز مذاکرات کے منتظر ہیں تاکہ ہماری کیپٹل مارکیٹ میں امریکی سرمایہ کاروں، اداروں اور شخصیات کے لیے زیادہ سے زیادہ دلچسپی پیدا کرنے کے مواقع تلاش کیے جاسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ 1991 میں جب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے مارکیٹ کھولی گئی، امریکی ادارہ جاتی سرمایہ کار اس مارکیٹ میں باقاعدہ اور اہم حصہ دارکے طور پر موجود رہے ہیں، پی ایس ایکس ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے جدت پر مبنی مصنوعات اور آفر نگز متعارف کرا رہا ہے۔