مزید خبریں

پاکستانی وفد کی جینوا میں انٹرنیشنل لیبر کانفرنس میں شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جنیوا میں آئی ایل او کی انٹرنیشنل لیبر کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی پہلی بار آجروں کے 3رکنی وفد نے کی۔ حکومتی وفد کی نمائندگی وفاقی سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ (ایم او پی ایچ آر ڈی) عشرت علی، سیکرٹری لیبر سندھ لئیق احمد اور سیکرٹری لیبر پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کی جبکہ آجروں کی نمائندگی ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی کے نائب صدر اور آئی ایل او کی گورننگ باڈی کے متبادل رکن ذکی احمد خان اور ایمپلائر ڈیلیگیٹ کے مشیر فصیح الکریم صدیقی نے کی۔ ورکرز کی نمائندگی پاکستان ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین ظہور اعوان نے کی۔انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن( آئی ایل او) کے 187 رکن ممالک کے آجروں، ورکرز اور حکومتی نمائندے پیشہ ورانہ سیفٹی و ہیلتھ پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ کام سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یکجا ہوئے۔ پاکستانی مندوب نے میری ٹائم کنونشن میں ترامیم پر بحث کے لیے جنرل افیئرز کمیٹی کے تمام اجلاسوں میں شرکت کی جس میں 1998 کے بنیادی اصولوں اور کام کے حقوق کے اعلامیے میں ترمیم لا کر اوش کو کارکنوں کے لیے بنیادی حق کے طور پر شامل کرنا اور بنیادی لیبر کنونشن کے طور پر اوش سے متعلق کنونشنزکی اپ گریڈیشن شامل تھا۔ ایمپلائرز گروپ نے اعلامیے میں کچھ بنیادی ترامیم پیش کیں جو اتفاق رائے سے منظور کی گئیں تاہم اصل بحث اوش کنونشنز کی اپ گریڈیشن پر ہوئی جو کنونشن نمبر 187 پروموشنل فریم ورک برائے اوش اور کنونشن نمبر 155 پیشہ ورانہ سیفٹی وہیلتھ کنونشن ہیں۔