مزید خبریں

علی زیدی کا نیو کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کا دورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے نیو کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (نکاٹی) کا دورہ کیا اور نکاٹی کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نکاٹی کے صدر فیصل معز خان، نائب صدر نعیم حیدر سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علی زیدی نے انڈسٹریل شعبے میں نکاٹی کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ نکاٹی کے صدر فیصل معز خان نے علی زیدی کو موجودہ حکومت میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے دور میں معیشت اور صنعتکاروں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔ ملاقات کے بعد پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا نکاٹی کا چوتھا دورہ ہے۔ وزارت سے پہلے بھی اور وزارت دوران بھی میں یہاں آتا رہا ہوں۔ ملک میں بجٹ کا موسم ہے، امپورٹڈ حکومت نے جو بجٹ پیش کیا وہ عوام دشمن بجٹ ہے جسے ہم یکسر مسترد کرتے ہیں۔ موجودہ بجٹ میں اضافی ٹیکس اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار اور دیگر بھی موجود تھے۔