مزید خبریں

پاکستان اسٹاک : 52فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سبسڈیز کے ساتھ مزید براہ راست ٹیکسز عائد کرنے کی اطلاعات کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد غیر متوقع طور پر تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 41000 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔ماہرین اسٹاک کے نزدیک آئی ایم ایف کا مجوزہ بجٹ پر تحفظات اور بجٹ میں اضافی اقدامات پر زور کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکس چ ینج میں کاروبار حصص تیزی کی جانب گامزن رہا۔تیزی کے سبب 52فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 13ارب 8کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ کاروبار کے ابتدائی دورانئیے میں کاروبار اتار چڑھاؤ اور مندی کی لپیٹ میں رہا جس سے ایک موقع پر 222پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم حکومت کی جانب سے کیپیٹل گین ٹیکس میں ڈھائی فیصد کے مجوزہ اضافے کو واپس لینے افواہوں اور فیٹیف کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے امکانات کے سبب نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھیں جس سے جاری مندی ایک موقع پر 236پوائنٹس کی تیزی میں تبدیل ہوگئی۔ تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 174.75 پوائنٹس کے اضافے سے 41054.68 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 79.91 پوائنٹس کے اضافے سے 5647.87، کے ایم آئی 30 انڈیکس 286.73پوائنٹس کے اضافے سے 67390.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔