مزید خبریں

حج کی سعادت اللہ کے قریب کا ذریعہ ہے، دعوت اسلامی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد ابراہیم عطاری نے کہا ہے کہ حج بیت اللہ کی سعادت ملنا اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعہ ہے اور حج پر جانے والے اس مقدس سفر میں خوب اطمینان اور اہتمام سے عبادت کریں اور اس پورے سفر میں جھوٹ، غیبت،چغلی اور اللہ تعالی کو ناپسند دیگر عمل سے خود کو محفوظ رکھیں کیوں مکہ معظمہ میں ایک نیکی ایک لاکھ نیکی کے برابر ہے، ذوق و شوق اور ادب کے ساتھ طواف کعبہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے علاقہ لطیف آباد یونٹ نمبر 8 کی مرکزی جامع مسجد میں حج تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج پر جانے والے اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں لہذا وہاں جا کر ہر مقدس مقام پر ادب اور عاجزی کا مظاہرہ کریں، نفس شیطان کے بہکاوے میں آکر لوگ مکہ و مدینہ میں اپنی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ حج تربیتی اجتماع میں اس سال حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے جانے والے عاشقان رسول سمیت شہر بھر سے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مجلس حج و عمرہ کے نگراں حاجی عبدلاحد عطاری نے اس حج تربیتی اجتماع میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ روزہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کی سعادت ملنا خوش نصیبی ہے اور مدینہ منورہ میں خوب ذوق و شوق اور ادب کے ساتھ درود و سلام کا ورد رکھتے ہوئے عبادت کا سلسلہ بھی جاری رکھیں اور اپنے ساتھ والے حاجی صاحبان سے حسن اخلاق کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اور اپنی دعاؤں میں اپنے تمام مسلمان بھائیوں کو بھی یاد رکھیں کہ ہم تمام مسلمانوں کو حج بیت اللہ کی سعادت اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت نصیب فرمائے۔