مزید خبریں

پاکستان صحافیوں کیلیے خطرناک ترین ملک بن گیا ہے

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر)صحافی معاشرے کو آئینہ دکھاتا ہے لیکن سماج آئینے میں اپنے عیب دیکھ کر اصلاح کرنے کے بجائے آئینہ توڑ دیتا ہے پاکستان صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ملک ہے آزادی اظہاررائے میں رکاوٹ بنیادی آئینی حق کی خلاف ورزی ہے۔ ان خیالات کااظہار سینئر صحافیوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پاکستان پریس فاؤنڈیشن کی جانب سے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر صحافی اقبال ملاح نے کہا کہ صحافی کی جانب سے دکھائے جانے والے عیب کو سماج دور کرنے کے بجائے اس آئینہ کو توڑ دیتے ہیں جو کہ معاشرے کی اپنی تباہی کا باعث ہے سندھ میں صحافیوں کے ساتھ کبھی انصاف نہیں کیا گیاجاگیردارانہ نظام اور مہنگا انصاف ہونے کے باعث صحافی کے اہل خانہ کو انصاف نہیں ملتا آزادی اظہار رائے کے لیے ایک تحریک کی ضرورت ہے۔ پریس کلب کے صدر عبداللہ شیخ نے کہاکہ صحافیوں کی زندگیاں محفوظ نہیں ہیں جاگیردارنہ نظام تو دوسری طرف معاشی تنگی نے صحافیوں کو کمزور کردیا ہے انہیں انصاف تک نہیں ملتا ملک میں مہنگائی انصاف ہی انصاف کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔