مزید خبریں

سودی معیشت کے خاتمے کےلیے نظام الاوقات کا اعلان کیا جائے‘مولانا عبدالاکبر چترالی

اسلام آباد (اے پی پی)قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ سودی معیشت کے خاتمے کے لیے نظام الاوقات کا اعلان کیا جائے، بجٹ میں غریبوں پر بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا اور ملک کا آئین اسلامی ہے۔ ہم آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں، سود حرام ہے۔ آرٹیکل 37 میں سود کے خاتمہ کا وعدہ کیا گیا ہے۔ 227 میں کہا گیا ہے کہ قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ سودی نظام معیشت کی وجہ سے ہماری معیشت گرتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص ہیں ، ہزاروں مساجد و مدارس ہیں مگر ان کے لئے ایک بھی روپیہ بجٹ میں نہیں رکھا گیا، اس پر نظرثانی ہونی چاہیے۔آن لائن کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومت سے قبر کھدائی کے لئے بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اجتماعی خودکشیوں کی پیش گوئی کر دی ہے، گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران ایوان میں موجود ایک اپوزیشن رہنما جماعت اسلامی کے مولانا اکبر چترالی نے بجٹ کو سود پر مبنی قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کے لئے بجٹ مختص کرنا اور دینی مدارس کو نظر انداز انتہائی افسوس ناک ہے ، موجودہ بجٹ سود پر مبنی ہے ۔انہوںنے کہا کہ فلم انڈسٹری کے لئے فنڈ رکھا گیا ہزاروں مدارس ہیں لاکھوں بچے زیر تعلیم ہیں لیکن ان کے لئے کوئی بجٹ نہیں رکھا گیا ۔