مزید خبریں

حیدر آباد ، حیسکو پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد

اسلام آباد (آن لائن)سندھ میں حیدر آباد کے علاقے اسلام آباد چوک میں ٹرانسفارمر پھٹنے کا معاملہ پر نیپرا نے حیسکو کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔ نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق حیسکو میں ٹرانسفامر پھٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے تھے۔ اتھارٹی نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلمبند کیے اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکھٹے کیے،تحقیقاتی ٹیم نے حیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے تحقیقاتی ٹیم نے متاثرہ ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا، تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی تھی۔ اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا، سماعت کا موقع بھی دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے، حیسکوضابطہ اخلاق اورحفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے حیسکوکوسوگوار خاندانوں کو 35 لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اتھارٹی نے حیسکو کو سوگوار خاندانوں کو ملازمت بھی دینے کی ہدایت کی ہے ۔