مزید خبریں

حلقہ بندیوں و فہرستوں کی تبدیلی کے الزامات درست نہیں ،الیکشن کمیشن

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرلسٹوں اور حلقہ بندیوں کی تبدیلی کے الزامات کی تردید کر دی، الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں انتخابات کرانے کے شفاف انتظامات کیے ہیں، انتخابی حلقہ بندیوں کی تبدیلی کا غلط تاثر پھیلایا جارہا ہے، امید ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسے بے بنیاد الزامات سے اجتناب کریں گی۔ اعلامیہ الیکشن کمیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے، چند روز سے بعض سیاسی شخصیات کی جانب سے الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے گئے، سیاسی شخصیات کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر پر بھی بے بنیاد اور غیرذمے درانہ الزامات لگائے گئے، الیکشن کمیشن نے پنجاب کے20 حلقوں میں انتخابات کرانے کے شفاف انتظامات کیے ہیں، غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ انتخابی حلقہ بندیوں کو تبدیل کردیا گیا اور ووٹرز کوجان بوجھ کر دوردراز علاقوں میں شفٹ کردیا گیا ہے، پنجاب میں 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن موجودہ فہرستوں اور حلقہ بندیوں پر ہورہے ہیں، 2023 کے انتخابات کے لیے حتمی فہرستیں ڈسپلے سنٹر میں رکھ دی گئی ہیں، امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایسے بے بنیاد الزامات سے اجتناب کریں گی۔ دوسری جانب ضلعی الیکشن کمیشن آفس اور ڈسپلے سینٹرز پر ووٹ درستگی کا عمل جاری ہے، شہری 19 جون تک اپنے ووٹ کی درستگی، اندراج، اخراج اور ٹرانسفر کرا سکتے ہیں، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر 394 ڈسپلے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن ضلعی آفس میں اس بابت خصوصی کائونٹر قائم کیا گیا ہے جہاں شہری اپنے ووٹ کی درستگی، اندراج، اخراج اور ٹرانسفر کرا سکتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی میں دو الیکشن کمیشن کام کر رہے ہیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ون کے دائرہ کار میں 118 جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ٹو میں 276 ڈسپلے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ 21 مئی سے ورکنگ کا آغاز ہوا جو 19 جون تک جاری رہے گا، ووٹ ایک مقدس امانت ہے، ہر شہری کو اپنا اور اپنی فیملی کا ووٹ چیک کرنا چاہیے۔