مزید خبریں

ملک میں اقتصادی و سیاسی بحران بدترین شکل اختیار کرچکا ،لیاقت بلوچ

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی اجتماع سے خطاب کیا اور منصورہ میں تعلقاتِ عامہ شعبہ کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے جاری سیاسی، اقتصادی اور پارلیمانی بحران بدترین اور خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے۔ عمران خان حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے عدمِ اعتماد تحریک کی کامیابی کے بعد اتحادی حکومت کی بھی کوئی ساکھ اور مستقبل نہیں۔ قومی سیاست ضِد، ہٹ دھرمی اور انتقام و بدتہذیبی کا شکار ہے۔ عوام براہِ راست اِس صورتِ حال کی چکی میں پِس رہی ہے۔ قومی قیادت کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ قومی ترجیحات پر ذاتی اَنا اور ضِد کو قربان کرکے قومی ڈائیلاگ، انتخابی اصلاحات اور بااعتماد انتخابات کا انتظام قومی سلامتی کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے۔ وگرنہ سیاسی قومی قیادت کی نااہلی اور ناکامی قومی روگ بن جائے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بجلی بحران، بدترین لوڈشیڈنگ، ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری، پیداواری لاگت میں ناقابلِ برداشت اضافہ، پانی کی قلت کا بحران، جنگلات میں آتشزدگی اور سٹریٹ کرائم، لاقانونیت قومی شیرازہ کا تار تار بکھیر رہا ہے۔ فوجی آمریتوں اور سیاسی جمہوری حکومتوں کا ناقص فرسودہ اسلوبِ حکمرانی ملک اور عوام کے لیے عذاب بن گیا ہے۔ ہمہ گیر اور مدت سے جاری تہہ در تہہ بحران اُسی وقت حل ہوں گے جب ریاستی ادارے اور قومی، دینی، سیاسی اور سماجی قیادت ذاتی مفادات، گروہی تعصبات سے بالاتر ہوکر سنجیدہ اقدامات کریں۔ ایڈہاک ازم، ہوائی نعروں اور تقریروں سے یہ کینسر ختم نہیں ہوگا ۔لیاقت بلوچ نے سابق ایم پی اے چوہدری عبدالغفور اور قومی اسمبلی کے امیدوار چوہدری منظور گوجر سے ملاقات میں کہا کہ سیاسی اور سماجی محاذ کے اچھے، دیانت دار اور اہل افراد کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہیے۔ جماعت اسلامی قومی ایشوز اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اصولی، باکردار سیاست کررہی ہے۔ 25، 26، 27 جون کو عوامی ٹرین مارچ قومی سیاست پر گہرے مثبت اثرات مرتب کرے گا اور یہ عوامی جذبات کا ترجمان ٹرین مارچ ثابت ہوگا۔