مزید خبریں

کراچی کیلئے بجلی 5.28 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری ،صارفین پر 10 ارب ا اضافی بوجھ پڑے گا

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) نیپرا نے کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بجلی 5 روپے 28پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔اضافہ کی منظوری اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ، نیپرا تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کرے گا۔ اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں پہلے کے الیکٹرک نے بجلی 4 روپے 86پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی تاہم بعد میں اس پر نظرثانی کر کے پانچ روپے 30پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی اجازت مانگی گئی۔ منگل کے روز نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی 5 روپے28پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی مہنگی ہونے سے کراچی کے صارفین پر ایک ماہ میں 10ارب روپے کااضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا۔ آئندہ ماہ کے بلوں میں اس اضافہ کا اطلاق کیا جائے گا جبکہ کے الیکٹرک نے جنوری سے مارچ کی سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی 3 روپے89پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی ہے۔ اس سے قبل کے الیکٹرک نے جنوری سے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 52پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی جس کو بعد میں نظرثانی کرکے اب 3 روپے 89پسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ۔ نیپرا سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں اضافہ کے حوالے سے الگ سماعت کرکے فیصلہ کرے گا۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 191 میگا واٹ ہے جبکہ طلب 27 ہزار 900 میگاواٹ ہے۔اعداد و شمار کے تحت پانی سے 4 ہزار 528 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 515 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 12 ہزار 8 میگاواٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 609 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 121 میگاواٹ ہے۔بگاس سے چلنے والے پلانٹس 175 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ جوہری ایندھن سے ایک ہزار 235 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔