مزید خبریں

کوہستان میں ترقیاتی کاموںکیلیے ایک ارب روپے مختص

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے کوہستان میں ترقیاتی کاموں کیلیے ایک ارب روپے کی گرانٹ مختص کرنے کا اعلان کردیا۔ پیر کو داسو ڈیم متاثرین کیلیے منعقد تقریب سے خطاب میں خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین واپڈا کو داسوڈیم منصوبے میں چھوٹی ملازمتیں 100 فیصد مقامی افراد کو دینے کی ہدایت کی ہے، ہمیں اچھی طرح اس بات کا ادراک ہے کہ پہاڑوں میں رہنے والوں کی زندگی انتہائی مشکل ہے، یہاں ترقیاتی منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کوہستان میں ترقیاتی کاموں کیلیے ایک ارب روپے کی گرانٹ مختص کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ کوہستان کی ہر تحصیل میں ٹیکنیکل کالج قائم ہوگا، کوہستان میں ڈیم متاثرین کیلیے بنیادی مراکز صحت کا نظام بھی بہتر بنایا جائے گا۔ داسو ڈیم کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ داسو ڈیم 2023ء میں مکمل ہونا تھا، مگر نہ ہوسکا، تاہم اب اس منصوبے کی تکمیل میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔