مزید خبریں

کارکنان جنگی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں‘ طارق سلیم

راولپنڈی ( نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ضمنی،بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاری جنگی بنیادوں پر ناگزیرہے زہریلی سیاست کرنے والوں نے قوم کوتقسیم کیا جماعت اسلامی عوام کے لیے محبت اوراتحاد کا باعث بن کران کے مسائل حل کرے گا، ہم ووٹ کی قوت سے پاکستان میں نظام مصطفےﷺ قائم کریں گے جماعت اسلامی نے پاکستان کواسلامی آئین دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس پرعملدرآمدمیں رکاوٹ بننے والے اللہ کے باغیوں کوعوام کی طاقت سے الگ کرکے دیانتداراورترازووالوں کواقتدارکی مسندتک پہنچائیں، مرکزی پارلیمانی بورڈ نے ضلع راولپنڈی کے 86فیصدقومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کوفائنل کردیا ہے ضلع کا ہررکن اور کارکن اپنے حلقے میں خود کوامیدوارسمجھتے ہوئے ترازو کی بھرپورمہم چلائے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی راولپنڈ ی کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی سیکرٹر ی جنرل اقبال خان،امیرضلع سیدعارف شیرازی،ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش سمیت دیگرذمہ داران نے بھی اظہارخیال کیا۔صدرجماعت اسلامی لیبرNLFپاکستان شمس الرحمن سواتی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،نائب امرائے ضلع رضااحمد شاہ،راجہ محمدجواد،محمدوقاص خان،عتیق احمدعباسی، سید عزیر حامد، سید ارشد فاروق،مرزا خالد محمودسمیت دیگرذمہ داران اور ضلع بھرسے مردوخواتین اجتماع ارکان میں شریک ہوئے۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ضلعی،زونل او رمقامی لیڈرشپ ہریونین کونسل میں بلدیاتی پینل کی تشکیل کوجلدمکمل کرکے ان امیدواران کو میدان میں اتاریں تاکہ وہ بھی منظم اور موثراندازمیں عوام کی خدمت کرسکیں،تمام عمومی سرگرمیوں کومعطل کرتے ہوئے الیکشن کوفوکس کرتے ہوئے سرگرمی کریں۔ اقبال خان نے کہاکہ کہوٹہ راولپنڈی اور دریاخان بھکرکے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی بھرپوراندازمیں حصہ لے گی پی پی 7کہوٹہ سے راجہ تنویراحمداوربھکرپی پی 90 نویداحسن نیازترازوکے نشان پرالیکشن میں حصہ لیں گے انھیں انتخابی ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔