مزید خبریں

دبائو میں کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، شاداب خان

ملتان(نمائندہ خصوصی)پاکستان نے اتوار کو ویسٹ انڈیز کو 53 رنز سے شکست دے کر 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کلین سویپ کرلیا۔ پاکستان کے آل رائونڈر شاداب خان نے سنسنی خیز پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کو اپنی آل رانڈ کارکردگی کی مدد سے بچا کر پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں فتح دلوانے میں مدد کی۔شاداب نے 78 گیندوں پر 86 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے تو صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر شاداب نے کہا کہ یہ ایک دبا ئوکی صورتحال تھی، میں نے اور خوشدل شاہ نے دوسرے پاور پلے تک اسے آسان بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اور 38 ویں اوور کے بعد پاور پلے میں چانسز لینے کا پلان کیا تھا ۔23سالہ نوجوان آل رائونڈر نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم پر بھی تبصرہ کیا جنہوں نے انہیں بوڑھا ہونے کا طعنہ دیا تھا،شاداب نے انکشاف کیا کہ بابر کے مجھے بڈھا کہنے کے بعد مجھے بہت حوصلہ ملا، زخمی ہونے کے بعد مناسب طریقے سے فیلڈنگ کرنا مشکل ہے، اس لیے اس نے مجھے بڈھا کہا۔ شاداب خان نے کہا کہ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں زیادہ اوورز کرانے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں کیونکہ زخمی ہونے کے بعد شروع میں گیند بازی کرنا مشکل تھا۔ امید ہے کہ میں محنت جاری رکھوں گا اور بہتری کی کوشش کروں گا۔پچ کے حالات کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ یہ پچھلے میچوں کی طرح بلے بازوں کے لیے تھوڑا بہتر تھا۔ لیکن یہ کرکٹ ہے۔