مزید خبریں

اسرائیلی فوج کی گاڑی نے فلسطینی کو روند ڈالا

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے بیت لحم میں جھڑپوں کے دوران مظاہرین پر جیپ چڑھادی ۔ خبررساں اداروں کے مطابق بیت لحم کے گاؤں حوسان میں فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اسرائیلی گاڑی کی زد میں آکر 50سالہ شخص شدید زخمی ہوا۔ اسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ کی معاون برائے مشرق وسطیٰ امور باربرا لیف کی سربراہی میں امریکی وفد نے دورہ اسرائیل کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے صدر دفتر رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کا مقصد تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال کرنا ہے۔ ملاقات کے دورا ن امریکا فلسطین تعلقات، فلسطینیوں کے لیے واشنگٹن کی امداد اور تعلقات کے استحکام کے بارے میں بات چیت ہوئی ۔ اس کے علاوہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کو دہشت گرد تنظیموں کی امریکی فہرست سے نکالنے اور واشنگٹن میں تنظیم کے دفتر اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے لیے امریکی قونصل خانے کو دوبارہ کھولنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا تھا،جس کے بعد بیت المقدس میں امریکی قونصل خانہ بند کردیاگیا تھا۔ ادھر اسرائیلی حکام نے نابلس میں عبدالرحمن رشدان کو 19برس کی سزا پوری کرنے کے بعد رہا کردیا۔ اس موقع پر مقامی فلسطینیوں نے جیل کے باہر ان کا شاندار استقبال کیا۔