مزید خبریں

امریکا: فائرنگ سے مزید 2ہلاک‘ شہری سراپا احتجاج

انڈیاناپولس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست انڈیانا کے شہر گیری کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور4 زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق 34 سالہ شخص اور 26 سالہ خاتون گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔دیگر 4 زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے ،جب کہ 3کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم کسی مشتبہ شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا۔دوسری جانب امریکا میں فائرنگ کے واقعات کے بعد اسلحہ قوانین میں تبدیلی کے لیے واشنگٹن سمیت امریکا کے مختلف شہروں میں ہزاروں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔واشنگٹن کے نیشنل مال میں تقریباً 40 ہزار مظاہرین جمع ہوئے۔اس کے علاوہ نیویارک، لاس اینجلس اور شکاگو سمیت ملک بھر میں تقریباً 450 ریلیاں نکالی گئیں۔ ادھر بائیڈن نے احتجاج کی حمایت کی اور کانگریس سے قانون پاس کرنے کا مطالبہ کیا۔