مزید خبریں

برآمدی صنعتوں کے خام مال پر ٹیکسز کا خاتمہ بہتر اقدام ہے ، عبداللطیف

لاہور(کامر س ڈیسک) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مالی سال23۔2022کے بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معیشت کو دبائو سے نکالنے کے لیے برآمدات سے جڑے شعبوں کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہوگا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکسزختم کرنے کے اعلان پر بلا تاخیر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹوممبر ریاض احمد،سعید خان،عثمان اشرف، محمد اکبر ملک سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ دستاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عبداللطیف ملک نے کہا کہ حکومت نے دستیاب وسائل میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے تاہم معیشت کی ترقی کے لیے انقلابی فیصلے بھی نا گزیر ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیے بغیر معیشت کو مضبوط بنیادیں مہیا نہیں ہوسکتیں ،اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، ہاتھ سے بنے قالینوں کے لیے خام مال اورجزوی تیار خام مال افغانستان کے راستے پاکستان آتا ہے جسے حتمی تیاری کے بعد سو فیصد برآمد کر دیا جاتا ہے تاہم افغانستان سے خام مال پر ٹیکسز سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن اس پر بلا تاخیر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے اعلانات کے فالو اپ اور سٹیک ہولڈرز سے روابط کے لیے با اختیار فوکل پرسن بھی مقر ر کریں تاکہ اعلانات کے مثبت نتائج حاصل ہو سکیں جس سے معیشت ترقی کر ے گی۔