مزید خبریں

اٹلی کو پاکستانی برآمدات22 فیصد بڑھ گئیں، میاں کاشف

لاہور (کامرس ڈیسک) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ملک کی اٹلی کو برآمدات وہاں سے درآمدات کے مقابلے میں بڑھ گئی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اضافے کے رجحان کو ظاہر کرتی ہیں۔ اٹلی میں پاکستان کے اعزازی انویسٹمنٹ قونصلر اور سفیر برائے سیاحت محمد شہریار خان کی قیادت میں برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹلی اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 2019 میں 1.42 بلین یورو تھا جو 2021 میں بڑھ کر 1.52 بلین یورو ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اٹلی کے سفیر اندریاز فیراریزے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کے استحکام کے لیے متحرک ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ اگرچہ کووویڈ 19 کے دوران عالمی تجارت میں کمی آئی تاہم 2021 میں اٹلی کو پاکستان کی برآمدات میں 22.1 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم763.51 ملین یورو تک پہنچ گیا۔ اسی عرصے کے دوران پاکستان کو اٹلی کی برآمدات میں 48.6 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جس کا کل حجم 754.06 ملین یورو رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوری،فروری 2022 میں تجارت کا حجم 289.37 ملین یورو رہا جو کہ 2021 میں اسی عرصے کے دوران203.41 ملین یورو تھا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اپنے منفرد جیو سٹریٹجک محل وقوع اور بہتر سکیورٹی حالات کے باعث پاکستان اطالوی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے،تقریبا 220 ملین کی آبادی اور اعلیٰ درجے کی مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ پاکستان اطالوی صنعت کاروں اور کاروباری افراد کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اٹلی میں پاکستانی کارکنوں کی جانب سے ترسیلات زر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔