مزید خبریں

پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹوں میں مزید پھیلانا ہوگا،ایس ایم منیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں بالخصوص کینیڈا میں پاکستانی نڑاد بزنس مین پاکستان اورکینیڈا کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، کینیڈامیں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کوپاکستان سے کینیڈاکو ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے جدوجہد مزید تیزکرنا ہوگی اور پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹوں میں مزید پھیلانا ہوگا تاکہ پاکستان کی معیشت کواستحکام مل سکے۔انہوں نے یہ بات کینیڈا میں معروف بزنس مین میاں محمداحمد کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ممبر پارلیمنٹ شفقت علی، حاجی عرفان یوسف، نوید بخاری، عامرشمسی، خالد رضوان، کرنل نذر اوردیگر معروف بزنس مین بھی شریک تھے۔ایس ایم منیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان اورکینیڈا کے مابین تعلقات خوشگوار ہیں،دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ کو اولین ترجیح دے کر حکومت کے وژن کے مطابق برآمدات بڑھائی جائیں تو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔