مزید خبریں

یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کا منشور دکھی انسانیت کی خدمت ہے،چیئرمین

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)یوتھ ویلفیئر سوسائٹی حیدرآباد ڈویژن کے مرکزی چیئرمین محمد یاسین آرائیں کی زیرصدارت جنرل باڈی کا اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔گزشتہ ایک سال کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین محمد یاسین آرائیں نے کہا کہ ذاتی مفادات و باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیںکیوں کہ یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کا منشور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی صدر لالہ علی بخش پٹھان، تعلقہ چیئرمین،وائس چیئرمین تعلقہ صدر اور نائب صدر و دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ یوتھ ویلفیئر سو سائٹی کے بانی سید فہیم الدین نے کہا کہ یوتھ ویلفیئر بغیر کسی امتیاز کے لوگوں کی خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے لہذا تمام عہدے داران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کو ختم کر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں اور ویلفیئر کے ڈسپلن پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔