مزید خبریں

وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب و دیگر ملزمان فرد جرم کیلیے 15 جولائی کو طلب

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت 16 ملزمان کو فرد جرم عاید کرنے کیلیے 15 جولائی کو طلب کرلیا، عدالت نے سلمان شہباز اور طاہر نقوی نامی ملزمان کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں جبکہ ملزم مقصود چپڑاسی کی دبئی میں حراست کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے وفات کے باعث اسے کیس سے خارج کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے حوالے سے کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کیخلاف کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، رشوت کے الزامات پر ابھی کوئی شواہد میسر نہیں ہیں، الزامات پر ٹرائل میں مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، تفتیشی افسر نے پولیس ڈائری میں آج تک یہ نہیں لکھا انہیں تفتیش کیلیے ملزمان کی حراست درکار ہے۔ عدالت نے ہفتہ کے روز وزیراعظم، وزیر اعلی پنجاب و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کردی تھیں، سوموار کو عبوری ضمانتوں کو کنفرم کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔