مزید خبریں

روس یوکرین جنگ کا مہنگائی کی صورت میں پاکستان کو نقصان ہورہا ہے،بلاول

اسلام آباد (صباح نیوز+اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کا مہنگائی کی صورت میں پاکستان کے عوام سمیت دنیا بھر کو نقصان ہورہا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میںصحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کو ان کے خلاف عدم اعتماد سے جوڑنا بہت بڑی غلط فہمی ہے، اس کا ثبوت ہے روس یوکرین تنازع میں عمران حکومت کی طرح ہم بھی غیرجانبدار ہیں، اگر دورہ روس پچھلی حکومت جانے کی وجہ ہوتی تو اس جنگ کے بارے میں ہمارا موقف مختلف ہوتا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے بقول روس یوکرین معاملے پر پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا اور آج بھی ہے، روس یوکرین جنگ سے پہلے پاکستان یوکرین سے کھاد، گندم اور دیگر غذائی اجناس خرید رہا تھا، جنگ کی وجہ سے ہمیں مزید فوڈ سیکورٹی کا چیلنج درپیش ہے، ہم چاہتے ہیں تنازع فریقین کے درمیان سفارتکاری اور بات چیت سے حل ہو، چاہتے ہیں یہ جنگ جلد ختم ہو۔بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی، اس منصوبے میں پابندیوں کو مدنظر رکھ کر مثبت پیشرفت چاہتے ہیں، پاک ایران تعلقات میں کافی گنجائش موجود ہے۔علاوہ ازیں بلاول سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی جس پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع تر امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔