مزید خبریں

نارتھ ناظم آباد ‘ بینک کے دروازے پر شہری سے 35لاکھ روپے چھین لیے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں مسلح ڈاکو شاہراہ نور جہاں تھانے کے سامنے واقع نجی بینک کے باہر شہری سے35 لاکھ روپے سے زائد رقم چھین کر فرا ر ہوگئے ،پولیس کے مطابق کار سوار شہری سے واردات2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے کی۔ اس سلسلے میں جائے واردات سے شواہد جمع کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس موقع پرپہنچ گئی اور فوری طورپرکرائم سین یونٹ کو طلب کر کے تفتیش شروع کردی، پولیس کا کہنا ہے کہ فنگر پرنٹس کے نمونے حاصل کیے جارہے ہیں،کرائم ڈیٹابیس اور نادرا سے ریکارڈ بھی چیک کرایا جائے گا۔پولیس حکام نے مزید کہا کہ ریکارڈ معلوم ہونے سے ملزمان کا سراغ لگانے میں مدد مل سکتی ہے۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی تلاش شروع کردی تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے متاثرہ شہری اورنگزیب کے بھائی عالم زیب نے بتایا کہ وہ منگھو پیرپختون آباد کے رہائشی اور منگھو پیرروڈ پرواقع نجی اسپتال کے مالک ہیں۔ ان کا بھائی اورنگزیب گھرسے 35 لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر نارتھ ناظم آباد شاہراہ نورجہاں تھانے کے سامنے واقع نجی بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا۔اورنگ زیب جسے ہی کٹی پہاڑی سے اتر کر نجی بینک کے باہر پہنچا اورگاڑی سے اتر ہی رہا تھا کہ اسی دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان پہنچ گئے، جنہوں نے اسلحہ کے زور پر بھائی سے گاڑی کے ڈیش بورڈ میں رکھی رقم چھین لی اور فرار ہوگئے۔