مزید خبریں

وزیراعلیٰ سندھ کا آئی ٹی انڈسٹری کوریلیف دینے کااعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کے بغیر آئی ٹی، سافٹ وئر بزنس اور کال سینٹرز پر سندھ سیلز ٹیکس کی شرح 13 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کرکے آئی ٹی انڈسٹری کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم بڑی اسٹیبلشمنٹ ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کے ساتھ معیاری شرح کو ترجیح دیتی ہے، ان کے پاس ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی سہولیات کے ساتھ 13 فیصد کا اختیار ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں ” آئی ٹی انڈسٹری کے لیے کاروبار میں آسانی” کے عنوان کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کی۔سیمینار صوبائی محکمہ انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان سافٹ وئر ایکسپورٹ کی شراکت سے ہوا۔ سیمینار میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق ، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، وزیراعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے آئی ٹی تنزیلہ ام حبیبہ، چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ واصف میمن، صوبائی آئی ٹی سیکرٹری آصف اکرام، مشیر برائے ایس آر بی مشتاق کاظمی اور آئی ٹی انڈسٹری کے ماہرین نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز (ITES) کے فروغ اورآئی ٹی انفرااسٹرکچر کے حوالے سے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت سندھ نے مختلف اسکیموں کے ذریعے تقریباً 1896.275 ملین روپے مختص کیے ہیں۔سندھ حکومت ڈیجیٹل تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہونے کے لیے آئی ٹی سے متعلق اقدامات بروئے کار لار ہی ہے۔