مزید خبریں

پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالے جانے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان کو 16 جون کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالے جانے کے فیصلے کا قوی امکان ہے ۔سفارتی ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس 14 سے 17 جون تک برلن، جرمنی میں منعقد ہو گا ۔ فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کے گرے لسٹ میں رہنے سے متعلق امور 15 اور 16 جون کو پلینری سیشن میں زیرغور آئینگے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ٹاسک فورس کی 34 شرائط میں سے 32 پر عمل در آمد کے ثبوت فراہم کر دیے ہیں۔ 2018 تک پاکستان نے 27 میں سے 26 شرائط پر عمل درآمد مکمل کر لیا تھا۔پاکستان کو 4 سال صرف 6 شرائط کی بنا پر 4 سال ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھا گیا ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اجلاس میں پاکستان کا کیس پیش کرنے کے لیے وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کو ٹاسک دیا ہے۔ایف اے ٹی ایف اجلاس میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر وفد کے ساتھ برلن جائیں گی۔ایف اے ٹی ایف کے اس اہم اجلاس سے متعلقہ تمام امور کی نگرانی باضابطہ طور پر دفتر خارجہ کر رہا ہے۔ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری ہونے کے بعد گرے لسٹ سے باہر آنے کے لیے وزارت خارجہ نے محتاط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران وفاقی وزیر حماد اظہر معاملات کی نگرانی کر رہے تھے ۔عالمی مالیاتی فنڈ اور ایف اے ٹی ایف کے دباؤ کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کے نرخوں میں مرحلہ وار سبسڈی واپس لے رہی ہے۔