مزید خبریں

جماعت اسلامی اللہ کے ساتھ جنگ کرنے والوں سے جنگ کریگی،سراج الحق

لاہور( نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مرکز اور صوبوں کی حکومتوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا۔ عوام کا پیمانۂ صبر لبریز اور لاوا پھٹنے والاہے۔ سرکار میں شامل تینوں پارٹیاں چالاک اور کرپٹ مافیاز کی پناہ گاہیں ہیں، جنھوں نے ہمیشہ اپنے مفاد کے لیے پاکستان کا سودا کیا۔ 75سالوں کا تماشا ہے کہ چند چہرے بدلتے ہیں اور ظالم نظام اپنی جگہ قائم رہتا ہے۔ اب وقت آیا ہے کہ عوام دین رحمت کی طرف آ جائیں۔ حکومتوں نے جعلی بجٹ اور جعلی اعدادوشمار پیش کیے جو غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ یہ بجٹ بھی طاقتور مافیاز کے لیے ہے۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات کا وقت آیا ہے۔ حکمرانوں اور عوام کے درمیان وسیع خلیج حائل ہو چکی۔ ایک جانب دولت کے انبار پر بیٹھی دو فیصد اشرافیہ ہے اور دوسری طرف نانِ شبینہ کے محتاج کروڑوں لوگ ہیں۔ اسٹیٹس کو کی محافظ تین بڑی سیاسی جماعتوں نے ملک کو سودی معیشت، کرپشن کی دلدل میں دھکیلا۔ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کے لیے سانس لینا دشوار ہو گیا۔ ملک میں کروڑوں نوجوان بے روزگار، آدھی سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ معیشت مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہا ہے۔ وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کا تیارہ کردہ ڈاکومنٹ ہے، حکومت نے ابھی سے منی بجٹ کی باتیں شروع کر دیں۔ دنیا کی تمام دولت پر چند ہزار سودخوروں کا قبضہ ہے، غریب اور ترقی پذیر ممالک کے حکمران ان عالمی ساہوکاروں کے ایجنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں۔وسائل پر قابض یہ طبقہ عوام سے صرف مزدوری کا کام لے رہا ہے۔ معیشت کا اسلامی ماڈل انسانوں کی غلامی سے نجات کا واحد راستہ ہے۔ جماعت اسلامی سود سے پاک معیشت اور اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم نے حکمرانوں کو موقع دیا تھا کہ وہ بجٹ میں سودی نظام کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ حکومت نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے اور آئین پاکستان کی مخالفت کرتے ہوئے ظالمانہ سودی نظام جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سود اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ جنگ ہے، ملکی قانون بھی واضح ہے، جماعت اسلامی اللہ کے ساتھ جنگ کرنے والوں سے جنگ کرے گی، ظالمانہ عوام دشمن اقدامات پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ 25، 26 اور 27جون کو ٹرین مارچ ہو گا، عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قرطبہ سٹی اسلام آباد میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مودی حکومت مسلمانوں کے گھروں کو پامال، خواتین کی بے حرمتی اور نوجوانوں کو سرعام گولیاں مار کر شہید کر رہی ہے۔ ہندوتوانواز غنڈوں کی حکومت نے سٹیٹ مشینری کا مکمل رخ مسلمانوں کو انتقام کا نشانہ بنانے کی طرف موڑ دیا ہے۔ ہم حکومت پاکستان، عالم اسلام اور او آئی سی سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی مظالم کے خلاف ایکشن لے۔ اسلامی ممالک فوری طور پر او آئی سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے اقوام متحدہ میں بھارتی چیرہ دستیوں پر موثر آواز اٹھائیں، مودی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں اور بھارت جب تک اپنے ظالمانہ اقدامات بند نہیں کرتا اور اس پر معافی نہیں مانگتا تب تک اس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ انھوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے درندے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں اور اس سارے ظالمانہ کھیل میں پاکستان کا نرم موقف، لفظی مذمت اور عالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان سمیت ہر فورم پر کشمیریوںاور بھارتی مسلمانوں کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔ امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ مسائل کاحل ہے۔ عوام کو جان بوجھ کر قرآن و سنت کے نظام سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور صاف اور شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے جائیں۔ قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کو مسترد کرے اور ایماندار اور اہل افراد کو آگے لائے۔ تینوں جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، جماعت اسلامی ایک نعم البدل کے طورپر موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے جماعت اسلامی ہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔