مزید خبریں

حکومت نے بجلی مزید 4 روپے فی یونٹ مہنگی کردی،بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام بے حال

اسلام آباد ( آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا) نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مدمیںبجلی کی قیمتوں3روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے 31 مئی 2022ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 2 روپے 86 پیسے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک مہینے کے لیے تھا۔اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 1 روپے 13 پیسے جون میں زیادہ چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف جون کے مہینے کے بلوں پر ہوگا اور اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔دوسری جانب حکومتی دعوؤں کے برعکس شدید گرمی میں بجلی بحران برقرار ہے، ملک میں بجلی کی شارٹ فال 5ہزار 673میگاواٹ ہے، شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 14گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 253 میگاواٹ اورکل طلب 27 ہزار 926میگا واٹ ہے، پانی سے 5 ہزار 401 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار 557میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 12 ہزار 186 میگاواٹ ہے۔ذرائع کے مطابق ونڈ پاور پلانٹس سے 1ہزار 578 میگاواٹ سولرپلانٹس سے پیداوار 121 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، بگاس سے چلنے والے پلانٹس177 میگاواٹ اور جوہری ایندھن 1ہزار 234 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 14گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، آئیسکو ریجن میں بھی 4 سے6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے زیادہ ہے۔