مزید خبریں

تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل ان کی تنظیم ہی حل کراسکتی ہے ، قمر الحسن

متحدہ لیبر فیڈریشن کے صدر لیاقت باچا نے کہا ہے کہ ہم قومی اور بین الاقوامی تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل اجاگر کریں گے۔ وہ مردان اور صوابی سے تعلق رکھنے والے تمباکو کے کاشتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں تمباکو کے کاشتکاروں کی تنظیم ’’ٹوبیکو گرورز ایسوسی ایشن کے پی کے‘‘ کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔ لیاقت باچا نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اس تنظیم کو جلد از جلد رجسٹر کرائیں۔ آئی یو ایف کے ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا قمرالحسن نے کاشتکاروں سے کہا کہ مسائل صرف آپ کی تنظیم ہی حل کرسکتی ہے۔ آپ کی تنظیم بن چکی ہے، اس کو رجسٹر کرائیں تا کہ مزدوروں کے اداروں، حکومتی سطح اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سطح پر آپ کی بھرپور نمائندگی ہوسکے۔ آپ کی تنظیم نہ صرف آپ کی نمائندگی کرکے آپ کے مسائل حل کرائے اس کے ساتھ تمباکو کی کاشت سے متعلق کیڑے مار خطرناک ادویات، کھاد اور دیگر معاملات میں کاشتکاروں کی رہنمائی کرسکتی ہے۔ متحدہ لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر محمد اقبال نے کہا کہ ہماری تنظیم تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرانے میں بھرپور مدد اور معاونت کرے گی۔ حکومتی سطح پر ہم آپ کی آواز بن جائیں گے اور صوبائی و وفاقی سطح پر آپ کے مسائل اجاگر کریں گے۔
ورکرز ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر میر ذوالفقار علی نے اس موقع پر کاشتکاروں کو تنظیم بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ قومی اور بین الاقوامی سطح کی مزدور فیڈریشنز آپ کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں جن کی مدد سے آواز ہر فورم پر پہنچ سکتی ہے۔ متحدہ لیبر فیڈریشن کے
رہنما جعفر خان نے کہا کہ صوبہ پختونخوا تمباکو کی کاشت کے حوالے سے اپنی پہچان رکھتا ہے۔ آپ کی ایسوسی ایشن غریب کاشتکاروں کے لیے ایک بہت بڑا سہارا ثابت ہوگی۔ متحدہ لیبر فیڈریشن کے پی کے جنرل سیکرٹری ولی محمد خان نے اس موقع پر کہا کہ ابھی آپ مردان اور صوابی میں کام کررہے ہیں۔ اپنی تنظیم مضبوط بنانے کے لیے آپ کو دوسرے ضلعوں میں بھی رابطہ کرنا ہوگا۔ پاکستان فوڈ ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری خائستہ رحمن نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں مزدوروں کے حقوق کی پاسداری صرف اس وقت کرتی ہیں جب محنت کشوں کی مضبوط تنظیم موجود ہو اور آپ کو اپنے مسائل حل کرانے کے لیے منظم اور مضبوط کرنا ہوگا۔ کاشتکاروں کی ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سب کی موجودگی سے ہماری ہمت بڑھی ہے۔ آخر میں متحدہ لیبر فیڈریشن کے صدر لیاقت باچا کی صحت یابی کے لیے دُعا کی گئی۔ اجلاس میں متحدہ لیبر فیڈریشن اور پاکستان فوڈ ورکرز فیڈریشن کے رہنمائوں کے علاوہ ایم ایل ایف کے گل بادشاہ، کوکا کولا یونین کے رہنما نصیر خان، کاشتکاروں کی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری حاجی عمر علی کے ہمراہ انور زیب خان، حاجی گل داد خان، فضل وہاب، احمد خان، مختیار گل، محمد جاوید، حضرت عثمان، محمد ریاض، بنارس خان، شیر رحمن، مراد علی شاہ، دوست محمد، علی سید، محسن محمد، ثمر گل خان، ہمیش گل خان، سفیر علی خان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔