مزید خبریں

ن لیگ ، پی پی اور پی ٹی آئی اسٹیٹس کو کی محافظ ہیں ، علما مشائخ

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیر مولانا ریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ حکومت کرپشن ختم، مہنگائی کم اور وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کی پابندی کرتے ہوئے سودی معیشت کا خاتمہ کریں حکمران اشرافیہ قوم کے ساتھ 73برس سے ظلم کر رہی ہے۔ پاکستان 22کروڑ عوام کا ہے، مگر امریکی بابو اور ان کے وفادار آئی ایم ایف کے دفاتر میں بیٹھ کر ہمارے فیصلے کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی اسٹیٹس کو کی محافظ ہیں، اب قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ اور ان کے بچے انہیں جاگیرداروں اور وڈیروں کے غلام رہیں گے یا انہیںفرسودہ نظام سے چھٹکارا چاہیے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی معیشت سے جان چھڑانے میں ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک میں پرامن، جمہوری اسلامی انقلاب برپا کرنا، قوم اب ہمارا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ہم سکوک اور اجارہ کا نظام متعارف کرائیں گے اور معیشت کی زکوٰۃ، صدقات اور عُشر کے ذریعے تعمیر ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ظالمانہ اور سودی بجٹ نے پورے ملک میں ماتم برپا کیا ہے۔ ہر شہری خوفزدہ ہے اور بجٹ کو حکمرانوں کی جانب سے عوام پر ڈرون حملہ قرار دے رہا ہے۔ ساڑھے 9ہزار ارب کا بجٹ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر تیار کیا گیا جس میں سے آدھی رقم سودی قرضوں کی واپسی میں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی پی کی اتحادی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیج کر عوام کو ریلیف دے گی، موجودہ حکمرانوں سے پوچھتا ہوں وعدے کا کیا بنا اور ریلیف کہاں گیا؟ ریلیف یہ ہے کہ حکمرانوں نے ایک ہفتے میں پیٹرول کی قیمت میں 60روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا، بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھا دی اور گیس کے ٹیرف کو آسمان پر پہنچا دیا۔ عام شہری کے لیے موجودہ ہوش ربا مہنگائی کے ماحول میں سانس لینا تک دشوار ہو گیا ہے۔ قوم کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے جانے کے بعد بھی جو جماعتیں اقتدار میں آئیں گی، عوام پر ظلم جاری رکھیں گی، اب حالات سب کے سامنے ہیں۔ مسائل کا حل اللہ کے نظام اور ان جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارے میں ہے۔ بھارت میں حضور پاکؐ کی شان میں گستاخی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے ریاض احمدسعدی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد سے بھارتی سفیر کو واپس بھیجے اور نئی دہلی سے پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے۔ پاکستان کا ہر شہری بھارت سے کسی قسم کے تعلقہت نہیں چاہتا۔ بھارت میں بی جے پی کی حکومت مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ مسلمان بیٹیوں کے سروں سے حجاب اتارے جا رہے ہیں، مساجد کی بے حرمتی ہو رہی، مگر ہمارے حکمران بے حس اور بزدل ثابت ہوئے۔ پاکستان کا بچہ بچہ حرمت رسولؐ پر جان دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے عالم اسلام کے حکمرانوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ امت کے جذبات کی ترجمانی کریں اور بزدلی نہ دکھائیں۔ انہوںنے کہا کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ تحریک جاری رکھے گا۔