مزید خبریں

جھڈو،این ٹی ایس پاس امیدواروں کا احتجاجی مظاہرہ

 

جھڈو(نمائندہ جسارت) 2013ء میں این ٹی ایس کا امتحان پاس کرنے والے امیدواروں کی جانب سے جھڈو پریس کلب کے سامنے احتجاج مظاہرہ کیا گیا اور این ٹی ایس پاس امیدواروں کو فوری طور پر آفر آڈر دینے کا مطالبہ کیاگیا۔این ٹی ایس ٹیسٹ پاس متاثرہ امیدواروں نے لالاغلام رسول پٹھان کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں آ فر آ رڈر نہ ملنے پر شدید نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر لالا غلام رسول پٹھان، حکیم لغاری اور دیگر امیدواروں نے کہاکہ 2013 ء کے تحریری امتحانات میں 80 اور اس سے زائد نمبرلینے کے باوجود بھی ہم تاحال بے روزگار ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان گزشتہ 9 سالوں سے بیروزگاری کا شکار ہیں اور ہوٹلوں،دکانوں پر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس ٹیسٹ پاس امیدوار آفر آرڈر ملنے اور اپنے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں این ٹی ایس ٹیسٹ پاس امیدوار 14 جون کو کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے جبکہ احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل آئی بی اے کے تحریری امتحانات کا میرٹ اب کم کرکے صرف40فیصد کردیاگیاہے،ماضی میں این ٹی ایس ٹیسٹ میں 80اور اس سے زائد نمبر لینے امیدواروں کو ملازمت نہیں دی گئی جبکہ اب 40فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو آفر آڈر دے کر میرٹ کا کھلم کھلا قتل کرکے سندھ کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں سے نا انصافی کی جارہی ہے، جبکہ کامیاب امیدوار گزشتہ 9سالوں سے در بدر ہو کر دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔این ٹی ایس ٹیسٹ پاس امیدواروں نے مطالبہ کیا کہ کامیاب امیدواروں کو فوری طور پر ملازمت فراہم کی جائے ورنہ سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔