مزید خبریں

باڈہ ،مہنگائی اور بے امنی کیخلاف قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب کی ریلی

باڈہ (نمائندہ جسارت) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے امنی کے خلاف قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (npciha) کی جانب سے عبداللہ بروہی، مسلم جانی ساریو، علی محمد کوری، جاوید احمد ڈھکن اور نبی رضا بلوچ کی قیادت میں ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے باڈہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی رہنماؤں اصغر ساریو، امیر علی کاندھڑو، رحیم گل گوپانگ، احسان کاندھڑو، عبدالسمیع جونیجو، وفا غلام فرید سومرو، مہران راجپر، منصور ڈھکن، جنید گوپانگ، کامران گوپانگ، فرقان چنا اور دیگر شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقعے پر مظاہرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی قمر توڑدی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ استعمال ہونے والی اشیا کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے بھی پریشان ہے۔ 15 دن کے اندر پیٹرول ڈیزل پر 60 روپے اضافی چارج پر پورے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگیا ہے جس نے عوام کی چیخیں نکال دیں ہیں۔ مزید انہوں نے کہا کے مہنگائی بڑہنے کے ساتھ باڈہ شہر میں بیامنی کی آگ بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ چوریاں ڈکیتیاں روز کا معمول بن چکی ہیں شریف لوگوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ شہر میں منشیات اور جوئے کے اڈے سر عام چل رہے ہیں پولیس نے ماہانہ اور ہفتہ لینے کے لیے باقاعدہ اہلکار مقرر کیے ہوئے ہیں۔ آخر میں انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ باڈہ شہر میں امن امان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اور ملک میں مہنگائی ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے نہیں تو احتجاجی دائرہ مزید بڑھا دیا جائے گا۔