مزید خبریں

قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوان مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے 3 نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا جب کہ ایک کو سری نگر کے علاقے پالپورہ میں شہید کردیا۔ انتظامیہ نے ان علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔ دریں اثنا بی جے پی رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لیے جموں خطے میں وادی چناب کے کچھ حصوں میں اتوار کو بھی کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں نافذ رہیں۔ پولیس نے ضلع ڈوڈہ میں گھر پر چھاپے کے دوران عادل غفور گنائی نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔ انہیں آنخضورؐ کی شان اقدس میں گستاخی کی مرتکب بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کے خلاف وڈیو پوسٹ کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔ سری نگر اور اسلام آباد کے علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔