مزید خبریں

فوج مخالف مہم:میجر جنرل سمیت 5 سابق افسران کی پنشن مراعات واپس

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فوج مخالف مہم چلانے پر آرمی نے میجر جنرل سمیت 5 سابق افسران سے پنشن مراعات واپس لے لیں۔ پاکستان آرمی نے 5 ریٹائرڈ افسران بشمول سابق میجر جنرل کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی تمام مراعات واپس لے لیں، ان مراعات میں پنشن اور مفت میڈیکل سہولت بھی شامل ہے‘ مراعات واپس لینے کی وجہ فوج مخالف مہم کا حصہ ہونا ہے۔ باوثوق ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ جی ایچ کیو نے مذکورہ 5 ریٹائرڈ افسران کے خلاف کارروائی مریم نواز کے اس مسئلے پر دیے گئے بیان سے کم از کم 2 ہفتے قبل شروع کی تھی۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا پر کچھ یوٹیوبرز ہر قسم کا جھوٹ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات بغیر تصدیق کے پھیلا رہے ہیں، فوج کو امید ہے کہ حکومت ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی جو فوج کے ادارے کو بدنام کر رہے ہیں۔ دی نیوز کو بتایا گیا کہ جی ایچ کیو نے صرف 5 ریٹائرڈ افسران کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی ہے، سوشل میڈیا کی یہ رپورٹ کہ 150 سابق فوجی افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، قطعی غلط ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جن ریٹائرڈ افسران کے خلاف کارروائی ہوئی وہ میجر سے میجر جنرل تک رینک کے افسران تھے۔ ذرائع نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ نہ ہی میڈیا اور نہ ہی حکومت نے ان میڈیا کے افراد اور یوٹیوبرز کے خلاف کوئی کارروائی کی جو روزمرہ بنیادوں پر ادارے کو بدنام کررہے ہیں، یہ ہر کسی کے لیے بہت ہی سنگین اور خطرناک مسئلہ ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وزیراعظم ہائوس سے نکلنے کے بعد ریٹائرڈ افسران کا ایک گروپ جس میں 3 ریٹائرڈ جنرلز بھی شامل تھے، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا مہم کا حصہ بن گئے، ان میں سے کچھ ریٹائرڈ افسران نے فوج کی حد پار کی جب کہ اکثریت نے اپنی پوزیشن پر نظرثانی کی اور حد پار کرنے سے باز رہے۔