مزید خبریں

پیٹرول مزید 70 ڈیزل 90 روپے مہنگا ہوگا، فرخ حبیب

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے ملکی معاشی صورتحال انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوئی سمت نظر نہیں آرہی، عوام کو ریلیف دینے کیلیے اس حکومت کی کوئی ترجیحات نہیں، منی بجٹ پیش کرکے آئی ایم ایف کو خوش کیا گیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں 70 سے 80 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 90 روپے مزید اضافہ کرنے جارہی ہے۔ اتوار کے روز خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے، تب سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، ملکی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، بجٹ سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 60 روپے سمیت بجلی، گیس اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا سمجھ نہیں آرہی یہ حکومت کر کیا رہی ہے، آج اگر عمران خان کی حکومت ہوتی تو پیٹرول روس سے سستا ملتا۔ انہوں نے کہا کہ فوری انتخابات کروائے جائیں، پی ڈی ایم سے کہتا ہوں ایک ہوکر انتخابات لڑے، ان کا انتخابی نشان چیری بلاسم ہونا چاہیے۔