مزید خبریں

ہمارے بجٹ میں 50 فیصد کٹوتی، ترقیاتی پیکیج ختم کردیا گیا، وزیراعلیٰ بلتستان

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے وفاقی حکومت کا بجٹ مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں گلگت بلتستان کا حق مارا گیا ہے، حکومت نے ہمارے بجٹ میں 50 فیصد کٹوتی کی ہے، ہمارا پورا ترقیاتی پیکیج ختم کردیا گیا، ہمارا کل بجٹ 47 ارب رکھا گیا، ملازمین کی تنخواہیں بڑھا کر کچھ نہیں بچے گا۔ اتوار کے روز گلگت بلتستان ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اس کے ترقیاتی بجٹ سے محروم کیا گیا ہے، گزشتہ برس ترقیاتی بجٹ 36 ارب روپے تھا، اس سال 45 ارب ہونا تھا، ہمارا ترقیاتی بجٹ 23 ارب روپے رکھا گیا، حکومت نے ہمارے بجٹ پر 50 فیصد کٹوتی کی ہے، ہمارا پورا ترقیاتی پیکیج ختم کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ این ایف سی میں اگر شامل کیا جاتا تو ہمارا بجٹ 137 ارب روپے ہوتا، کس سوچ کے تحت گلگت بلتستان کا بجٹ کم کیا گیا؟