مزید خبریں

افغان طالبان ٹی ٹی پی سے متعلق سیاسی جماعتوں سے رابطے کیلئے پیپلزپارٹی کی کمیٹی قائم

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور دہشت گردی کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی میں وزیر اعظم کے مشیر برائے کشمیر افیئرز وگلگت بلستان چودھری قمر زمان کائرہ، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور فرحت اللہ خان بابر شامل ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق کمیٹی طالبان سے مذاکرات کے معاملے پر دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرے گی اور انہیں یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کے حوالے سے قائل کرے گی۔ کمیٹی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کرے گی۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہطالبان کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا مؤقف بڑا واضح ہے اور پی پی پی سمجھتی ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے معاملے پر پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے اور یہ تمام معاملات پارلیمنٹ میں ہی لائے جائیں اور وہیں پر فیصلہ ہو۔