مزید خبریں

عوامی مسائل کا حل جماعت اسلامی ہی پیش کرسکتی ہے‘ دردانہ صدیقی

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حقیقی تبدیلی اور اسلامی فلاحی ریاست میں عوام کے مسائل کا حل جماعت اسلامی ہی پیش کرسکتی ہے، اس پیغام کو عوام تک موثر انداز میں پہنچانا ہمارا کام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ آئی ٹی میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے2روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مشن الٰہی مشن ہے جس کے اولین امیر نبی کریمؐہیں، اس مشن کو لے کر چلنے والوں کے لیے کردار کی مضبوطی کے ساتھ باہمی مثالی ربط و تعاون،صلاحیت اور عملی میدان میں کام کرنے کا جذبہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا معاشرے کو تبدیل کررہا ہے اور سیاست میں نتیجہ خیز ثابت ہورہا ہے، ہمارے ہاتھ میں میڈیا کی قوت نہیں ہے لیکن ایمان کی قوت اور صلاحیت ہے جس کے ساتھ ہمیں اپنی بنیاد کے حصار میں آئی ٹی کے محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہونا ہے، ہم میں سے ہر ایک کا وژن وسیع ہونا چاہیے ، موجودہ دور میں جبکہ صحیح اور غلط کی پہچان مشکل ہوگئی ہے یہ وقت انصار اللہ کے بیدار رہنے اور معاملہ فہمی کی قوت کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہے، ہمارا مقصد اپنی ذات کی تشہیر نہیں بلکہ اخلاص اور خود شناسی کے ساتھ خالصتاً رضائے الٰہی کا حصول ہو۔دردانہ صدیقی نے مزیدکہا کہ اسلام کی اصل طاقت محسنین کے دم سے ہے،انقلاب محسنین لایا کرتے ہیں۔اجلاس سے میڈیا کوآرڈی نیٹر حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈپٹی سیکرٹری آمنہ عثمان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈائریکٹر عالیہ منصوراور نگران شعبہ آئی ٹی سعدیہ حمنہ کے علاوہ مرکزی شعبہ آئی ٹی کی ذمے داران نے شرکت کی۔