مزید خبریں

اسرائیلی فوج کا مظاہرین پر تشدد ، 16سالہ فلسطینی گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق نابلس کے علاقے بیت دجن اور بیتا کے علاوہ کفر قدوم، قلقیلیہ اور الخلیل شہر میں فلسطینیوں نے اپنی زمینوں پر قائم کی گئی یہودی بستیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ الخلیل کے علاقے مسافر یطا میں آباد کاروں نے مقامی شہریوں پر تشدد کیا اور رائفل کے بٹوں سے فلسطینی شہریوں کو زدوکوب کیا۔ ادھر اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ نیول بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 16سالہ فلسطینی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ نوجوان کا تعلق مغربی کنارے سے بتایا گیا ہے۔گرفتاری کے بعد اسے اسرائیلی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج نے اسے مزید تفتیش کے لیے حراست میں رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔دوسری جانب جنین کے دیہات اور قصبوں میں بڑی تعداد میں چیک پوسٹیں قائم کرنے کے بعد قابض فوج کی نفری کم کردی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ناکا بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی کے بہانے تنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔